جنرل آفیسر کمانڈنگ “البرق” ڈویژن کا لکی مروت کا دورہ

لکی مروت (ایچ آراین ڈبلیو) جنرل آفیسر کمانڈنگ “البرق” ڈویژن نے لکی مروت کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر تاجہ زئی میں ایک اہم نشست منعقد ہوئی، جس میں 91 عمائدین، علماء، پولیس، سول انتظامیہ اور سرکاری افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں جی او سی 40 ڈویژن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر برقرار رکھی جائے گی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنے آپریشنز جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مقامی افراد کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن و استحکام کے تمام فریقین کو مزید متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی کے خلاف دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد اسلام کی نمائندگی نہیں کرتے، اور غیر ملکی تربیت یافتہ عناصر کو پوری قوت سے کچلا جائے گا۔ مزید برآں، مروت قومی جرگہ کے احترام کا اعادہ کیا گیا، تاہم واضح کیا گیا کہ ریاست اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علاوہ کسی کو بھی طاقت کے استعمال کا اختیار حاصل نہیں۔

اجلاس میں شریک عمائدین اور دیگر شرکاء نے ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کا عہد کیا ۔ اجلاس کے دوران قابل خیل مغویوں کے مسئلے کے حل پر بھی زور دیا گیا، مزید برآں، منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی، پولیس فورس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے نفری اور جدید ہتھیاروں کی فراہمی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اجلاس میں چند مشکوک افراد کی رہائی جرگہ کی ضمانت پر کرنے اور کرّم تنگی ڈیم فیز II کی جلد تکمیل پر بھی زور دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں