کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)مانسہرہ کالونی کی رہائشی دو بچیوں کی گمشدگی کی سوشل میڈیا پر گردش کرتی خبروں کی وضاحت ہوگئی-تھانہ شرافی گوٹھ کے علاقے مانسہرہ کالونی سے تعلق رکھنے والے شہری الیاس کی دو بیٹیوں نایاب بتول عمری (11 سالہ) اور انم بتول عمری (9 سالہ) لاپتہ ہوگئی ہیں، شرافی گوٹھ پولیس نے فوری طور پر شہری سے رابطہ کیا۔
تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ والدہ دونوں بچیوں کو اپنے ساتھ لے گئی ہیں۔پولیس کی جانب سے موقع پر رسپانس اور تیز رفتار انکوائری کے بعد یہ واضح ہوا کہ یہ کوئی اغوا یا لاپتہ ہونے کا کیس نہیں بلکہ آپس کا فیملی تنازعہ کا معاملہ ہے۔ضلع ملیر پولیس شہریوں سے گزارش کرتی ہے کہ سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق کے خبریں شیئر کرنے سے گریز کریں، تاکہ غیر ضروری خوف و ہراس سے بچا جا سکے۔


