تل ابیب (ایچ آراین ڈبلیو) اسرائیلی اخبار معاریف نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے ان امریکی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مجوزہ معاہدے کو مسترد کر دیا جو غزہ میں قید ہیں۔ اس معاہدے کے تحت مخصوص افراد کی رہائی ممکن تھی، مگر اسرائیلی قیادت نے اسے ناقابل قبول قرار دیا۔
رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی حکومت نے امریکہ کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ تمام سفارتی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں، اور اب کسی قسم کی سفارتی کوشش کی مزید گنجائش نہیں رہی۔ یہ پیغام ایسے وقت میں دیا گیا جب عالمی برادری جنگ بندی کے لیے دباؤ ڈال رہی تھی۔
اسرائیلی کابینہ کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور وزیر دفاع کو اختیار دیا گیا کہ وہ جنگ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کریں۔ اس حوالے سے حتمی مشاورت پیر کے روز تل ابیب میں وزارت دفاع کے دفتر میں ہوئی، جہاں جنگی کارروائیوں کو تیز کرنے کے فیصلے کو حتمی شکل دی گئی۔


