کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)معروف قانون دان اور انسانی حقوق کے سرگرم رہنما، منصور علی تھیبو ایڈووکیٹ نے محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کو ایک تفصیلی قانونی درخواست جمع کروا دی ہے، جس میں اجرک تھیم نمبر پلیٹس کے معاملے پر فوری ریلیف اور انتظامی اصلاحات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اجرک تھیم نمبر پلیٹس کا نفاذ ثقافتی ورثے کے فروغ کے لیے ایک مثبت قدم ہے، لیکن اس کے اطلاق میں شفافیت اور عوامی سہولت کا فقدان ہے۔ اچانک چالانوں کا نفاذ، آن لائن سسٹم کی عدم دستیابی اور مالی معاونت کے بغیر عوام، خاص طور پر کم آمدنی والے شہریوں، موٹر سائیکل سواروں، خواتین، بزرگوں اور معذور افراد پر غیر ضروری بوجھ ڈال رہا ہے۔
موٹر سائیکل اور کم آمدنی والے افراد کو اچرج نمبر پلیٹس مفت یا سبسڈی کے تحت فراہم کی جائیں-تمام چالان فوری طور پر معطل کیے جائیں اور کم از کم 60 تا 90 دن کی مہلت دی جائے-آن لائن پورٹل کو فوری بحال کیا جائے تاکہ رجسٹریشن، ادائیگی اور شکایات کا عمل آسان ہو-میڈیا پر آگاہی مہم شروع کی جائے تاکہ عوام کو پالیسی اور اس کے طریقہ کار سے باخبر کیا جا سکے-
عوامی ہیلپ لائن کو فعال کر کے تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا جائے-مانیٹرنگ اور شکایت سیل قائم کیا جائے جس میں سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے نمائندے شامل ہوں-
درخواست میں آئین پاکستان کے آرٹیکل 4، 9، 14، 18 اور 25 سمیت سندھ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2016 کا حوالہ دیا گیا ہے، اور اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ عوامی سہولیات کے بغیر سزا دینا غیر قانونی اور قدرتی انصاف کے اصولوں کے خلاف ہے۔
یہ درخواست آئی جی سندھ پولیس، ڈی آئی جی ٹریفک، چیف سیکریٹری، کمشنر کراچی، چیئرمین سندھ ہیومن رائٹس کمیشن، محتسب سندھ، اور وزیر اعظم آفس سمیت 10 اعلیٰ اداروں کو بھی ارسال کی گئی ہے تاکہ فوری ایکشن لیا جا سکے۔


