ملیرمیں زلزلےکےجھٹکے، ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں کی چیخ و پکار،ممکنہ ہنگامہ ناکام

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)اتوار کی رات ملیر اور گرد و نواح میں محسوس کیے گئے زلزلے کے جھٹکوں کے بعد ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی۔ سرکل 2 کی بیرک نمبر 11 میں قیدیوں نے شدید چیخ و پکار شروع کر دی اور ہنگامہ آرائی کی کوشش کی۔

قیدیوں کا مطالبہ تھا کہ انہیں فوری طور پر بیرک سے باہر نکالا جائے، تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔ جیل انتظامیہ نے صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر ہنگامی اقدامات کیے۔

ممکنہ ہنگامہ اور بدامنی سے بچنے کے لیے اضافی پولیس، رینجرز اور ایف سی کی نفری طلب کی گئی، جنہوں نے بروقت موقع پر پہنچ کر جیل گیٹ پر قیدیوں کی جانب سے توڑ پھوڑ کی کوشش کو ناکام بنایا۔ اگر بروقت ایکشن نہ لیا جاتا تو جیل کے گیٹ کو شدید نقصان پہنچ سکتا تھا۔

حکام نے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے قیدیوں کو پرامن رہنے کی تلقین کی، جس کے بعد صورتحال کو قابو میں لے لیا گیا۔ جیل ذرائع کے مطابق قیدیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے اور زلزلے کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

عوامی اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے زلزلے کے دوران جیلوں میں قیدیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مستقبل میں اس قسم کی ہنگامی صورتحال کے لیے بہتر منصوبہ بندی کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں