پاکستان میں صارفین کے حقوق کا کوئی محافظ نہیں ، الطاف شکور

کراچی ( ایچ آراین ڈبلیو) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں فوراً کم از کم 15 روپے فی لیٹر کی کمی کی جائے۔ دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہونے کے باوجود اس کا فائدہ پاکستانی عوام کو نہ پہنچایاجانا انتہائی افسوسناک ہے۔ جب عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو حکومت فوراً مقامی قیمتوں میں اضافہ کر دیتی ہے، لیکن جب قیمتیں کم ہوتی ہیں تو حکمران عوام کو اس کا فائدہ پہنچانے کے بجائے قیمتوں کو جوں کا توں رکھنا ہی مناسب سمجھتے ہیں۔ یہ عوام کا اپنی ہی حکومت کے ہاتھوں ایک بڑا معاشی استحصال ہے۔ پاکستان میں صارفین کے حقوق کا کوئی محافظ نہیں اور تیل کی مارکیٹنگ کرنے والی کمپنیاں اور حکومت مل کر عوام کو لوٹ رہی ہیں۔ نہ صرف تیل مافیا بلکہ چینی مافیا بھی پاکستانیوں کو بے دردی سے لوٹ رہا ہے۔ شوگر مل مالکان کو چینی برآمد کرنے کی اجازت اس شرط پر دی گئی تھی کہ مقامی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا، لیکن ان مل مالکان اور تاجروں نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں چینی کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کر کے پاکستانی صارفین سے اربوں روپے بٹور لیے۔ اس استحصال کے عمل کو ہمارے حکمرانوں اور اپوزیشن نے خاموشی سے سپورٹ کیا کیونکہ وہ خود درجنوں شوگر ملوں کے مالک ہیں۔ چینی مافیا کے افراد اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں۔ اگرچہ وہ مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھتے ہیں، لیکن جب صارفین کے استحصال کا معاملہ آتا ہے تو حکومت اور اپوزیشن کے یہ افراد ایک ہو جاتے ہیں۔ تیل اور چینی مافیا بہت بڑے اور طاقتور کارٹیل ہیں اور کوئی بھی ان کے خلاف مسابقتی اور انسدادِ کارٹیل قوانین کے تحت کارروائی کرنے کی جرات نہیں کرتا۔ چینی کے تاجر اور شوگر مل مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے انہیں جیل بھیجا جائے کیونکہ انہوں نے چینی کی قیمتوں کے حوالے سے اپنے وعدے کی خلاف ورزی کی ہے#

اپنا تبصرہ بھیجیں