کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ماہرین نے کراچی میں زلزلوں کی حیران کن وجہ بتاتے ہوئے خبر دار کیا ہے کہ شہر زمین بوس ہونے کے خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، فوری اقدامات نہ کیے گئے تو شہر کسی بڑے سانحے سے دوچار ہو سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ روزبھی مختلف علاقوں میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جن کی شدت دو اعشاریہ پانچ اور مرکزڈی ایچ اے سٹی کے اطراف چالیس کلومیٹر زیرِ زمین تھا۔
یکم جون سے اب تک شہر قائد میں زلزلوں کے بیالیس جھٹکے محسوس کیے جاچکے ہیں، کراچی ایک ایسا شہر جو بیک وقت پانی کی شدید قلت کا شکارہے اور زمین بوس ہونے کے خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
جہاں ایک طرف شہری پیاس بجھانے کو ترس رہے ہیں، وہیں دوسری طرف زیر زمین پانی کے بے دریغ استعمال نے شہر کی بنیادیں ہلا دی ہیں۔
ماہرین ارضیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی تیزی سےزمین میں دھنس رہا ہے اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو شہر کسی بڑے سانحے سے دوچار ہو سکتا ہے۔


