سری نگر(ایچ آراین ڈبلیو)ایران کے دارالحکومت تہران میں اتوار کے روز طلباء کے ہاسٹل پر اسرائیلی فضائی حملے میں متعدد کشمیری طلباء زخمی ہو گئے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے اسرائیلی حملوں میں کشمیری طلباء کے زخمی ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔میرواعظ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ایران سے ایک ہوسٹل میں رہنے والے کشمیری طلباء کے اسرائیلی فضائی حملے کی زد میں آنے کی انتہائی پریشان کن خبر آ رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ 1,300 سے زائد کشمیری طلباء ایران میں زیرتعلیم ہیں جو جنگ کے باعث شدید خوف میں مبتلا ہیں جبکہ مقبوضہ جموں کشمیر میں ان کے اہلخانہ سخت پریشان ہیں۔میرواعظ نے حکام پر زور دیا کہ وہ ان کے تحفظ اور واپسی کو یقینی بنانے کے لیے فوری مداخلت کریں۔ اُنہوں نے تمام کشمیری طلباء کی سلامتی کے لیے دعا بھی کی۔
دریں اثناء نیشنل کانفرنس کے رہنما آغا سید روح اللہ مہدی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اسرائیلی حملوں نے تہران میں حجت دوست علی ہاسٹل کو نشانہ بنایا جس میں بہت سے کشمیری طلباء رہائش پذیر تھے جن میں کئی زخمی ہوئے ہیں۔ اُنہوں نے ان کی فوری منتقلی اور انخلاء پر زور دیا۔


