کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)معروف صوفی بزرگ حضرت عبداللہ شاہ غازی کے1295 ویں عرس کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ تفصیلات کےمطابق معروف صوفی بزرگ حضرت عبداللہ شاہ غازی کا 1295 واں عرس مبارک 17 سے 19 جون منعقد ہو گا ، جس کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے۔
کمشنر کراچی کی زیر صدارت اجلاس میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ عرس کے مثالی انتظامات کئے جائیں اور زائرین کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں، ان کا کہنا تھا کہ پانی،واش رومز ، لنگر اور سیکوریٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں تاہم دور ان عرس کسی قسم کی چارج پارکنگ نہیں ہوگی
کمشنر کراچی نے بتایا کہ پولیس دن اور رات کے اوقات میں عرس کے مقام پر موجود ہوگی۔معروف صوفی بزرگ کے عرس کے دوران مزار پر لنگر کا اہتمام کیا جاتا ہے، مزار کے اندرونی حصے میں ثناء خوانی، فاتحہ خوانی اور قصیدہ پڑھنے کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
خیال رہے سید ابو محمد عبلہ المعروف عبداللہ شاہ غازی نے 98 ہجری میں مدینہ منورہ کے ایک معزز گھرانے میں آنکھ کھولی، آپ کاشجرہ نصب حضرت علی علیہ السلام سے ملتا ہے، ایک سو اڑتیس ہجری میں عبداللہ شاہ غازی تبلیغ دین کے لیے سندھ تشریف لائے اور 12 برس تک اسلام کی تبلیغ میں سرکرداں رہے، آپ کے مزار پر آنے والے زائرین میں ہرمذہب کے افراد شامل ہوتے ہیں


