اترپردیش(ایچ آراین ڈبلیو)ایک بھارتی خاتون مسافر کو ٹریفک جام نے طیارہ حادثے سے بچا لیا۔ ذرائع کے مطابق سرکاری ایئر لائن ایئر انڈیا کے احمد آباد میں گر کر تباہ ہونے والے بد نصیب طیارہ حادثے میں دو افراد خوش قسمتی سے بچ گئے۔
ایک بھارتی نژاد برطانوی شہری طیارے کے ملبے سے معمولی زخمی حالت میں باہر نکل آیا جب کہ ان کے علاوہ تمام مسافر ہلاک ہوگئے۔اسی طرح طیارے میں ایک خاتون مسافر کو لندن کے لیے اُڑان بھرنی تھی لیکن وہ کوفت بھری ٹریفک جام میں بری طرح پھنس گئی۔خاتون مسافر صرف 10 منٹ تاخیر سے ایئر پورٹ پہنچی تو انھیں شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، کیوں کہ طیارہ انھیں چھوڑ کر اُڑان بھر چکا تھا۔
کسے معلوم تھا کہ محض ایک منٹ بعد ہی بھومی چوہان نامی خاتون کو ٹریفک جام پر کوفت اور فلائٹ مس ہونے پر ہونے والی مایوسی، شکر کا موقع فراہم کرنے والی تھی۔بدقسمت طیارہ پرواز بھرتے ہی ایک منٹ کے اندر رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ جب اس کا علم بھومی چوہان کو ہوا تو وہ حیران اور پریشان رہ گئیں۔بھومی چوہان نے بتایا کہ خوفناک حادثے کا سن کر شدید دکھی ہوں، میرا جسم یہ سوچ کر ہی کانپ کر رہ جاتا ہے-


