شہری کیجانب سے بیٹے کے اعضاء عطیہ کرنے سے 5 افراد کو نئی زندگی مل گئی

مردان(ایچ آراین ڈبلیو)مردان میں ایک شہری نے جب حادثے میں زخمی اپنے بیٹےکے جینے کی امید کھودی تو اسے ہمیشہ دوسروں میں زندہ رکھنے کا فیصلہ کیا اور اپنے لاڈلے بیٹے کے اعضاء عطیہ کردیئے۔ ایثار اور قربانی کے اس جذبے سے 5 افراد کو نئی زندگی مل گئی۔

مردان کے علاقے رستم بازار کا رہائشی نورداد اپنے گھر کے قریب آٹا چکی چلا کر اہل خانہ کا پیٹ پالتا ہے۔31 مئی کو اس کے لاڈلے بیٹے اور نویں جماعت کے طالب علم 14 سالہ جواد خان کو گاڑی نے اس وقت ٹکر مار کر شدید زخمی کردیا جب وہ اسکول جا رہا تھا۔

مختلف اسپتالوں کے چکر لگانے کے بعد تمام امیدیں دم توڑ گئیں اور بیٹا وینٹی لیٹر پر مصنوعی سانسیں لینے لگا ، یہی وہ وقت تھا جب جواد کے باپ نے ضرورت مند مریضوں کا خیال کرتے ہوئے بیٹے کے اعضاء عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا اور تمام تر قانونی کارروائی مکمل کر لینے کے بعد بیٹےکی دونوں آنکھیں ، جگر اور گردے عطیہ کردیئے ، جس سے 5 اجنبی انسانوں کو نئی زندگی مل گئی۔

7 جون کو جواد کی تدفین کردی گئی ہے ، جواد کے دیگر گھر والے بھی اعضاء عطیہ کیے جانے پر مطمئن ہیں۔ جواد کے دادا کا کہنا ہےکہ ان کا پوتا تو روڈ حادثے میں چل بسا لیکن رستم میں بائی پاس روڈ بنایا جائے تاکہ حادثات سے بچا جاسکے۔ محلہ دار اور پڑوسی بھی جواد کے اہل خانہ کے اس فیصلے پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں