45

چائلڈ لیبرکےخاتمےکےلیےسندھ حکومت پرعزم ہے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) بچوں سے مشقت کے خلاف عالمی دن کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بچوں سےمشقت کےخاتمےکےلیے سندھ حکومت کا عزم مزید مضبوط ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے چائلڈ لیبر کے خاتمے کےلیےاسکول داخلہ مہم کومؤثر انداز میں جاری رکھا ہوا ہے، تاکہ ہر بچہ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو۔ چائلڈ لیبر کے خلاف موجود قوانین پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بچوں سے مشقت کرانا ایک سنگین جرم ہے، جس کی روک تھام کے لیے حکومت نے مربوط حکمت عملی اپنائی ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بچوں کےتحفظ،تعلیم اورفلاح کےلیے سندھ حکومت نے خصوصی بجٹ مختص کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کنوینشنزپر مکمل عملدرآمد سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے سماجی تنظیموں اور یونیسیف کے ساتھ شراکت داری کوبھی فروغ دیاجا رہا ہے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ سال 2025ء میں سندھ میں چائلڈ لیبر میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، لیکن مکمل خاتمے تک کوششیں جاری رہیں گی۔ اسکول واپسی مہم کے تحت ہزاروں بچوں کو مزدوری سے نکال کر تعلیم کی طرف راغب کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نےاس بات پرزور دیا کہ عوامی آگاہی مہمات کا تسلسل ضروری ہے تاکہ والدین اور معاشرہ بچوں کے حقوق کے حوالے سے باشعور ہوں۔ بچوں کی صحت، تعلیم، تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں