بھارت(ایچ آراین ڈبلیو)بھارتی شہراحمد آباد میں ائیر انڈیا کا مسافر طیارہ گر کر تباہ، 242 سے زائد افراد سوار تھے-بھارتی شہر احمد آباد میں سرکاری ائیرلائن ائیر انڈیا کا مسافر طیارہ گرکر تباہ ہوگیا جس میں متعدد ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کے ائیرپورٹ کے قریب ائیر انڈیا کا مسافر بردار طیارہ گرگیا جس میں عملے کے 12 ارکان سمیت 242 سے زائد افرادسوار تھے جب کہ حادثے کے شکار طیارےمیں گجرات کےسابق وزیراعلیٰ بھی سوار تھے۔ممکنہ طور پر ائیر انڈیا کا طیارہ احمد آباد ائیرپورٹ سے لندن جارہا تھا کہ ٹیک آف کرنے کے چند منٹ بعد ہی گرکر تباہ ہوگیا۔
ائیر انڈیا کی پرواز اے آئی 171 احمد آباد ائیرپورٹ سے روانگی کے وقت 322 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے محض 625 فٹ اوپر اڑ سکی اور پھر ٹیکنیکل طور پر گرکر تبا ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق بتایا جارہا ہےکہ طیارہ آبادی پرگرکرتباہ ہوا اورحادثے میں متعدد ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔طیارہ حادثے کے بعد جائے حادثہ کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں جس میں دھواں اٹھتا دیکھا جاسکتا ہے۔
حادثہ بھارتی وقت کے مطابق 1 سے 2 بجے کے درمیان پیش آیا اور حادثے کے بعد احمد آباد ائیر پورٹ پر فلائٹ آپریشن بند کردیا گیا ہے جب کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ فلائٹ ریڈار کے مطابق اڑان بھرنےکے بعد ایک منٹ سے بھی کم وقت میں625 فٹ کی بلندی پر طیارے سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔
بھارتی ڈی جی سول ایوی ایشن کا کہنا ہےکہ طیارہ گرنے سے قبل ایک بج کر39 منٹ پرکیپٹن نے مے ڈے کی کال دی۔حادثے کا شکار بوئنگ 787 طیارہ 11 سال پرانا تھا۔


