غزہ(ایچ آراین ڈبلیو)اسرائیلی بربریت کی ایک اور المناک داستان غزہ کی سرزمین پر رقم ہو گئی۔خوراک کی تلاش میں جمع نہتے اور فاقہ زدہ فلسطینیوں پر اسرائیلی افواج نے اندھا دھند گولیاں برسا دیں، جس کے نتیجے میں 25 معصوم شہری شہید ہو گئے۔یہ واقعہ غزہ شہر کے جنوب میں نیٹزاریم کوریڈور کے قریب ایک امدادی مرکز پر پیش آیا، جہاں شہری صرف روٹی کی امید لیے کھڑے تھے ، لیکن ان پر موت برسائی گئی۔
الجزیرہ عربی کے مطابق شہید ہونے والوں میں عورتیں، بزرگ اور نوجوان شامل ہیں۔ جائے وقوعہ پر بکھری ہوئی روٹیاں، خون میں لت پت جسم اور معصوموں کی چیخیں دنیا کے اجتماعی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی تھیں مگر افسوس، خاموشی ہی سب سے بلند آواز بن چکی ہے۔
جن کے گھر ملبے بن چکے ہیں، اب ان کے خیمے بھی محفوظ نہ نہیں رہے۔خان یونس کے شمالی علاقے المواسی میں اسرائیلی ڈرون نے بے گھر افراد کے خیمے پر میزائل داغا، جس میں چار مزید فلسطینی شہید ہو گئے۔ناصر اسپتال کے مطابق، شہداء وہ لوگ تھے جو پہلے ہی اپنوں، امیدوں اور اپنے کل سے محروم ہو چکے تھے — لیکن شاید ان کا جرم یہی تھا کہ وہ اب بھی زندہ تھے۔
ادھر مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فورسز نے اپنے روایتی ظالمانہ طرز عمل کو جاری رکھتے ہوئے رات بھر چھاپے مارے۔ان کارروائیوں کے دوران ایک فلسطینی شہید جبکہ 10 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق، یہ چھاپے اب روزمرہ کی کہانی بن چکے ہیں، جہاں نوجوانوں کو گھروں سے اٹھا لیا جاتا ہے ۔


