کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) کراچی کے علاقے ملیر ٹاؤن میں انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی شہریوں کے لیے اذیت ناک صورتحال پیدا کر چکی ہے جہاں نیشنل ہائی وے پر واقع جوگی موڑ کے قریب ایک نجی فیکٹری کا زہریلا اور کیمیکل زدہ آلودہ پانی سڑک پر بہنے لگا ہے، جس کے باعث قومی شاہراہ تالاب کا منظر پیش کر رہی ہے۔
شہریوں کے مطابق مذکورہ نجی فیکٹری سے نکلنے والا کیمیکل ملا پانی گزشتہ کئی دنوں سے سڑک پر بہہ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال روز کا معمول بن چکی ہے جس کی وجہ سے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنا پڑتا ہے گاڑیوں کی طویل قطاریں، ٹریفک جام، اور پھسلن کی وجہ سے پیش آنے والے حادثات نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق، یہ نجی فیکٹری قومی شاہراہ پر بنے برساتی نالے میں باقاعدگی سے کیمیکل زدہ پانی چھوڑتی ہے، جو بارش یا نکاسیٔ آب کے کسی بھی نظام کی غیر موجودگی میں براہ راست سڑک پر پھیل جاتا ہے۔ اس عمل سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ شہریوں کی صحت بھی شدید خطرے میں پڑ چکی ہے۔
ماہرین ماحولیات کا کہنا ہے کہ کیمیکل زدہ پانی کا کھلے عام سڑک پر بہنا انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے جو جلدی امراض، سانس کی تکالیف اور دیگر بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ ملیر ٹاؤن کی انتظامیہ اس سنگین معاملے پر مسلسل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے، جبکہ شہریوں کی شکایات کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
علاقہ مکینوں اور مسافروں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں اور نہ صرف متعلقہ فیکٹری کے خلاف کارروائی کی جائے بلکہ نیشنل ہائی وے پر نکاسیٔ آب کے مؤثر انتظامات بھی کیے جائیں، تاکہ شہریوں کو اس اذیت سے نجات دلائی جا سکے


