اسرائیل(ایچ آراین ڈبلیو)جوہری تنصیبات سے متعلق ہزاروں حساس دستاویزات ایران کے ہاتھ لگ گئیں،جلد منظر عام پر لانے کا اعلان کردیا گیا-اسرائیل کی جوہری تنصیبات سے متعلق ہزاروں حساس دستاویزات ایران کے ہاتھ لگ گئیں۔
ایران نے اسرائیلی حساس دستاویزات کو قیمتی خزانہ قرار دیتے ہوئے دستاویزات جلد منظر عام پر لانے کا اعلان کردیا۔ایرانی وزیر برائے انٹیلی جنس اسماعیل خطیب نے ایرانی میڈیا کو بتایا کہ اسرائیل کی مکمل جوہری دستاویزات حاصل کرکے ایران منتقل کردی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا، یورپ اور دیگر ممالک کے ساتھ اسرائیل کے تعلقات اور اسرائیلی اسٹریٹجک پاور کی انٹیلیجنس دستاویزات بھی اس میں شامل ہیں۔ایرانی وزیر کا کہنا تھا کہ اسرائیلی دستاویزات حاصل کرنے کے لیے جامع اور پیچیدہ آپریشن کا منصوبہ بنایا گیا تھا، دستاویزات کی طرح انہیں ایران منتقل کرنے کا طریقہ بھی اہم تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی حساس دستاویزات بہت جلد منظر عام پر لائیں گے۔اس خبر سے متعلق اسرائیل کی طرف سے فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔


