واشنگٹن(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان کے اعلیٰ سطح کے سفارتی وفد کی قیادت کرنے والے بلاول بھٹو زرداری خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت آنے والی نسلوں کو پانی پر جنگ پر مجبور کررہا ہے، اگلی جنگ ہوئی تو ٹرمپ کو رکوانے کا وقت نہیں مل پائے گا، اگر بھارت بات نہیں کرے گا تو مسائل کیسے حل ہوں گے، پاک بھارت تجارت سے سب کو ہی فائدہ ہوگا۔
واشنگٹن میں مڈل ایسٹ انسٹیٹیوٹ میں خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفارتی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارتی حکومت آنے والی نسلوں کو پانی کی جنگ پر مجبور کررہی ہے، بھارت پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے پانی کے حق پر حملہ کررہا ہے۔
سفارتی وفد کے سربراہ نے مزید کہا کہ بھارت کو پاکستان سے ہزاروں مسائل ہوں گے لیکن مذاکرات سے انکار پر مسائل رہیں گے، پاکستان نے بھارت کو غیرجانبدارانہ عالمی تحقیقات کی پیشکش کی، پاکستان امن کے لیے بھارت سے بات چیت کے لیے تیار ہے، بھارت تنازعات پر بات نہیں کرے گا تو حل کیسے ہوں گے، بھارت نے الزامات لگا کر پاکستان پر حملہ کیا، اقوام متحدہ سمیت تمام ممالک کو بھارت کے خلاف سخت مؤقف اپنانا ہوگا۔


