کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)امیر جماعت اسلامی کراچی و صدر الخدمت کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ خدمت اور دیانت الخدمت کا شعار ہے، الخدمت صحت، تعلیم، آرفن کیئر، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، کمیونٹی سروسز، اسلامک مائیکرو فنانس، صاف پانی کی فراہمی کے شعبوں میں کام کر رہی ہے، الخدمت طبی و فلاحی خدمات سے گزشتہ سال صرف کراچی میں 23لاکھ افراد مستفید ہوئے جبکہ ملک بھر میں 2کروڑ افراد نے الخدمت کی خدمات سے استفادہ کیا، بنو قابل پروجیکٹ کے تحت 48ہزار نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروائے گئے، تعلیم، صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت و ریاست کی ذمہ داری ہے جو کام حکومت کو کرنا تھا وہ این جی اوز کر ر ہی ہیں، جو کام الخدمت کر رہی ہے اگر اس کا عشر عشیر بھی حکومت کرے تو عوام کی حالت بدل سکتی ہے، الخدمت کو اعزاز حاصل ہے کہ وہ ہر سال اپنی خدمات و سرگرمیوں کے حسابات کا آڈٹ کرواتی ہے اور عوام کے سامنے پیش کرتی ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ چرم ِ قربانی الخدمت کو دیں، قربانی کی دی گئی کھال کسی غریب یا نادارکے لیے سہارا بن سکتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ادارہ نور حق میں الخدمت کراچی کی سرگرمیوں و خدمات کی سالانہ رپورٹ کے حوالے سے پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے بھی الخدمت کی سرگرمیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا، اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی، ڈائریکٹر سلمان شیخ اور سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے۔ منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ حج امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی اور طاقت کا بھر پور اظہار ہے، حج کی سعادت حاصل کرنے والے تمام پاکستانیوں سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو ہم مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر مشکل گھڑی میں الخدمت کے ہزاروں رضاکاروں نے ہمیشہ اپنا کردار اداکیا ہے، 2005میں آنے والا زلزلہ ہو یا2010اور2022میں آنے والا سیلاب اور کرونا جیسی وباء میں الخدمت کے رضاکار متاثرین کی مدد کے لیے ہرجگہ موجود تھے، پچھلے دوتین سال میں پہلے مرحلے میں کراچی بعدازاں پورے پاکستان میں بنوقابل فری آئی ٹی پروگرام شروع کیا اور تین بیجز سے پاس آؤٹ ہونے والے اپنے گھروالوں کاسہارا بن چکے ہیں، آج پاکستان کے مختلف شہروں میں بنو قابل کے ٹیسٹ بھی جاری ہیں اور کلاسز کا آغاز بھی ہورہا ہے،ناظم آباد میں الخدمت کا تعمیر کردہ ڈائیگنوسٹک سینٹرپورے پاکستان میں ایک مثالی میڈیکل سینٹر ہے، جہاں جدید ترین ایم آر آئی،سٹی سکین، الٹراساؤنڈ،میمو گرافی جیسی سہولیات سے غریب افراد رعایتی نرخوں پرمستفید ہورہے ہیں، الخدمت غزہ میں اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے لیے امدادی سامان پہنچانے میں کامیاب ہوئی ہے،اب تک 25امدادی کھیپوں میں تقریباً4ہزار ٹن سے زائد اربوں روپے کا امدادی سامان روانہ کیا جاچکا ہے، عید الاضحی میں فلسطینی بھائیوں کے لیے قربانی کا گوشت بھی روانہ کیاجائے گا۔ نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت صحت کے شعبے میں ملک بھرمیں 56ہسپتال کام کررہے ہیں جبکہ کراچی میں 5ہسپتال،10میڈیکل سینٹرز،18لیبارٹریز اورکلیکشن پوائنٹس،14فارمیسیز،قائم ہیں۔آرفن کیئر پروگرام کے تحت ملک بھر 29,926بچوں جبکہ کراچی میں 2,400بچوں کی ان کے گھروں پر کفالت کی جارہی ہے۔ملک بھرمیں 18آغوش ہومزہیں، کراچی کے گلشن معمار میں قائم الخدمت آغوش ہوم میں 107بچوں کی تعلیم و تربیت اور پرورش کی جا رہی ہے۔الخدمت کے تحت ملک بھر میں 277 واٹر فلٹریشن پلانٹس ہیں،کراچی میں 69پلانٹس شہریوں کو پینے کا صاف معیاری پانی ارزاں نرخوں پر فراہم کر رہے ہیں۔الخدمت کی جانب سے ہزاروں کمیونٹی ہینڈ پمس جبکہ 3ہزار سے زائد کنویں کھودے گئے۔موبائل واٹر وینز بھی شہریوں کو مفت پانی پلانے میں مصروف رہیں،واٹر چلرز،ہینڈ پمپس،سبمر سیبل پمپس،سولر سبمر سیبل واٹر پمپس بھی نصب کیے گئے۔الخدمت کے شعبہ تعلیم کے تحت ملک بھر میں 64اسکول اور 99اسکل ڈیولپمنٹ سینٹرز قائم ہیں،کراچی میں 4اسکولز،76مدارس،2اسکل ڈیولپمنٹ سینٹرزقائم ہیں جبکہ اسکالر شپ پروگرام کے تحت 1300سے زائد ذہین و مستحق طلبہ وطالبات کو اسکالر شپ دی جا رہی ہے۔


