کراچی(ایچ آراین دبلیو)وزیر داخلہ سندھ، آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی و ڈی آئی جی ایسٹ کی ہدایات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کی اہم میٹنگ کا انعقاد ایس ایس پی ایسٹ آفس میں کیا گیا۔
میٹنگ کی صدارت ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فرخ رضا نے کی، جس میں ڈسٹرکٹ ایسٹ کے ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔
اجلاس میں افسران بالا کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ ایسٹ میں جرائم پیشہ عناصر، بالخصوص گٹکا ماوا اور منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور اور فوری کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
ایس ایس پی ایسٹ نے ہدایت جاری کی کہ گٹکا ماوا اور منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث پیشہ ور مجرمان کے خلاف بلا تفریق سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں اور فوری گرفتاریاں یقینی بنائی جائیں۔
ڈسٹرکٹ ایسٹ کے تمام ایس ایچ اوز کو احکامات دیے گئے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں منشیات فروشوں اور گٹکا ماوا سپلائرز کے نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائیں اور روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ پیش کریں۔
میٹنگ میں واضح کیا گیا کہ اگر کوئی بھی پولیس افسر یا اہلکار ان جرائم میں ملوث پایا گیا یا کسی بھی انداز میں جرائم پیشہ افراد کو سپورٹ کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف فوری اور سخت محکمانہ و قانونی کارروائی کی جائے گی۔


