87

حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج ادا کیا جائے گا،لاکھوں عازمین میدان عرفات پہنچ رہے ہیں

مکہ مکرمہ(ایچ آراین ڈبلیو)حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج ادا کیا جائے گا، ایک لاکھ 15 ہزار پاکستانیوں سمیت لاکھوں عازمین منی میں قیام کے بعد آج صبح میدان عرفات پہنچ رہے ہیں جہاں مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنیں گے ، نماز ظہر اور عصر اکٹھی ادا کریں گے۔

عصر اور مغرب کے درمیان وقوف عرفہ ہو گا جس میں حاجی اللہ رب العزت کے حضور گڑ گڑا کر دعائیں کریں گے ، سورج غرب ہونے کے ساتھ ہی گولہ چلے گا اور نماز مغرب ادا کئے بغیر حاجی مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں پر وہ مغرب اور عشا کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے۔

رات کھلے آسمان تلے گزارنے کے بعد حاجی نما زفجر ادا کریں گے اور طلوع آفتاب کے ساتھ ہی منی میں اپنے خیموں کی طرف لوٹ جائیں گے۔

رمی جمرات کریں گے بڑے شیطان کو7 کنکریاں ماریں گے ، قربانی کریں گے، حجاج کرام حلق کرانے کے بعد احرام کھول دیں گے اور عام لباس زیب تن کر لیں گے،11 ذوالحج کو حجاج کرام تینوں شیطانوں چھوٹے ،درمیانے اور بڑے شیطان کو 7،7 کنکریاں ماریں گے۔

رمی جمرات کے بعد حجاج کرام طواف زیارت کیلئے خانہ کعبہ جائیں گے، 12 ذوالحج کو زوال آفتاب کے بعد پھر تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماری جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں