بچوں کےلیےمحفوظ دنیا فراہم کرنا ہم سب کی اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ معصوم بچوں پر جارحیت انسانیت کے خلاف جرم ہے، فلسطین اور کشمیر کے بچوں کے تحفظ کے لیے عالمی برادری کو فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے “بچوں پر جارحیت کے عالمی دن” (International Day of Innocent Children Victims of Aggression) کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ معصوم بچوں کے لیے ایک محفوظ دنیا فراہم کرنا ہم سب کی اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ فلسطین میں معصوم بچوں پر ڈھائے جانے والے جنگی مظالم انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اور کشمیر میں بھارتی مظالم کو فوری طور پر بند کروائے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ زدہ علاقوں کے بچوں کے لیے عالمی سطح پر فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ ان کے جان، تعلیم، صحت اور مستقبل کا تحفظ کیا جا سکے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ بچوں کے تحفظ، تعلیم اور صحت کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی کا دائرہ صوبے کے تمام اضلاع تک بڑھا دیا گیا ہے، اور کم عمر بچوں سے مشقت کے خلاف قانون پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کا اغواء، جنسی تشدد اور تعلیمی اداروں پر حملے ناقابل برداشت ہیں اور سندھ حکومت ہر سطح پر بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔آخر میں وزیراعلیٰ سندھ نے والدین، اساتذہ اور معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو ہر قسم کے استحصال سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ ہر بچہ ایک محفوظ، خوشحال اور روشن مستقبل حاصل کر سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں