خیبرپختونخوا(ایچ آراین ڈبلیو)گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے آسٹرین سفیر کی ملاقات،دوطرفہ تعاون،سیاحت کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو-گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان میں تعینات آسٹریا کی سفیر انڈریا ویکی نے ملاقات کی جس باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
گورنرہائوس پشاور میں ہونے والی ملاقات میں خیبرپختونخوا اور آسٹریا کے مابین دوطرفہ تعاون، کھیلوں کی سرگرمیوں اور سیاحت کے فروغ سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی ۔
ملاقات میں افغانستان کی موجودہ و ماضی کی صورتحال، امن وامان سے متعلق امور بھی زیربحث رہے۔اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے گورنرخیبرپختونخوا نے کہا کہ کے پی کے تاریخی قدیمی تہذیب کا امین صوبہ ہے خیبرپختونخوا کے شمالی اضلاع سیاحت کیلئے دنیا میں پرکشش مقام رکھتے ہیں، سیاحتی شعبہ میں سرمایہ کاری کیلئے عالمی کمپنیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے، مقامی وسائل کو بروئے کار لاکر مقامی آبادی کو فائدہ پہنچایاجائیگا۔
آسٹریا کی سفیرنے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی قربانیوں اور عزم کو سراہا اور مختلف شعبوں میں تعاون اور بالخصوص سیاحت کے فروغ کیلئے مشترکہ طور پر کام کرنے کے عزم کااظہارکیا-


