52

محفوظ اورسہولت سےبھرپورماحول فراہم کرنےکیلئے منگھوپیر ٹاؤن آفس میں اجلاس کا انعقاد

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)عیدالاضحی کے موقع پر عوام کو صاف، محفوظ اور سہولت سے بھرپور ماحول فراہم کرنے کے لیے منگھوپیر ٹاؤن آفس میں ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے کی، جبکہ اس موقع پر وائس چیئرمین رانا محمد عارف، میونسپل کمشنر آغا خلیق ڈائریکٹر سینیٹیشن، ایکس ای این، منتخب کونسل ممبران اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے زونل مینیجر انتخاب حیدر سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں عیدالاضحی کے تینوں دنوں کے لیے ایک جامع اور مربوط صفائی اور الائشیں اٹھانے کا پلان ترتیب دیا گیا، جس کے تحت منگھوپیر ٹاؤن کے تمام علاقوں، بالخصوص گنجان آبادیوں، رہائشی محلوں اور تمام یو سیز میں سینیٹیشن کے عملے کی چوبیس گھنٹے موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔تمام سینیٹیشن اسٹاف کو عید کے تین دن پابند کیا گیا کہ کسی کی غیر حاضری برداشت نہیں کی جائے گی ۔ چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے تمام اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر فعال کردار ادا کرنے کی سختی سے ہدایت دی، تاکہ عوام کو کسی قسم کی زحمت نہ اٹھانی پڑے۔

چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے خاص طور پر نیا ناظم آباد، سائمہ عربین ولاز محمار سوسائٹی اور دیگر پرائیویٹ سوسائٹیز کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی رہائشی نے اپنی سوسائٹی کے گیٹ سے باہر آلائشیں پھینکیں تو اس کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو باضابطہ طور پر تحریری اطلاع دے دی گئی ہے، اور خلاف ورزی کی صورت میں مقدمہ درج، جرمانہ عائد اور صفائی کے اخراجات متعلقہ سوسائٹی سے وصول کیے جائیں گے۔

اس موقع پر چیئرمین نے کہا کہ انشاءاللہ اس بار قربانی کے ایّام میں عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی نہیں ہوگی، بلکہ ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ ہم نے مکمل پلاننگ کے ساتھ تمام اداروں کو متحرک کر دیا ہے اور منگھو پیر ٹاؤن کی حدود میں پانچ ڈمپنگ پوائنٹ بنائے گئے ہیں جس سے سولڈ ویسٹ کو کام کرنے میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے مگر کسی بھی قسم کی غفلت یا خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔”
اگر کسی شہری کو کوئی شکایت ہو تو وہ براہِ راست منگھوپیر ٹاؤن کے شکایتی سیل سے رابطہ کرے۔ منگھوپیر ٹاؤن عوامی خدمت کے لیے قائم ہوا ہے اور انشاءاللہ 24 گھنٹے خدمت ہی اس کا مشن رہے گا۔”

ہم عوام سے بھی تعاون کی اپیل کرتے ہیں کہ آلائشیں مقررہ مقامات پر رکھیں اور صفائی کے عملے کے ساتھ مکمل تعاون کریں، تاکہ ہم سب مل کر عیدالاضحی کو ایک خوشگوار اور صاف ستھرا تہوار بنا سکیں۔”
منگھوپیر ٹاؤن انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس بار قربانی کے ایّام کو مثالی بنایا جائے گا ، اور کسی کو بھی شہر کی صفائی و نظم میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں