کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)چیئرمین مورڑو میر بحر ٹاؤن علی اکبر کی سربراہی میں عیدالاضحی کے موقع پر انتظامات کے حوالے سے اجلاس کا انعقادہوا۔چیئرمین مورڑو میر بحر ٹاؤن علی اکبر نے انتظامات کے حوالے سے تمام محکموں کے افسران سے رپوٹ طلب کرلی۔اجلاس میں ڈائریکٹر سینی ٹیشن اعجازدلبر ، ،مورڑو میربحر ٹاؤن کی مختلف یونین کونسل کے چیئرمینز و وائس چیئرمینز اراکین کونسل کی بڑی تعداد کی شرکت۔افسران سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین علی اکبر نے کہا کہ عید الاضحی پرعوام کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے،مورڑو میربحر ٹاؤن کے افسران عید قرباں کے تینوں روز آلائش آپریشن کو مانیٹر کرنے کے لئے میدان عمل میں موجود رہیں گے۔عید الاضحی سے قبل مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں نماز عید کی اجتماع گاہوں کی صفائی کو بھی یقینی بنایا جائے راستوں کو ہموار کیا جائے تاکہ عید کی نماز کے لئے عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر اہلیان مورڑو میربحر ٹاؤن کو ہرسال کی طرح بہترین کارکردگی کی سہولیات کی فراہمی مسلسل جاری رکھی جائے گی مورڑو میر بحر ٹاؤن کے افسران یونین کمیٹیز کی سطح پر یوسی چیئرمینز و اراکین یونین کمیٹی سے رابطے میں رہیں اور علاقائی مسائل کو باہمی مشاورت سے حل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مورڑو میربحر ٹاؤن میں مختلف مقامات پر کلیکشن پوائنٹ اور شکایاتی مراکزقائم کئے جائیں گے جہاں متعلقہ محکموں کے افسران و عملہ اپنی ذمہ داریاں سر انجام دے گا۔ان شکایتی مراکز سے علاقوں میں صفائی ستھرائی کے ساتھ آلائشیں اُٹھانے اور اُن کو ٹھکانے لگانے کی مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ آلائشیں اُٹھانے کے بعد چونے کے چھڑکاؤ اور جراثیم کُش ادویات کا اسپرے کیا جائیگا تاکہ عوام کو صحت مند ماحول کی فراہمی ممکن ہوسکے۔
54


