نیویارک(ایچ آراین ڈبلیو) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوکی قیادت میں پاکستانی وفد نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی اور بھارتی اشتعال انگیزی پر بات چیت کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے انتونیو گوتریس کو وزیراعظم شہبازشریف کا خط پیش کیا، بلاول بھٹو نے مسئلہ جموں وکشمیر پرجامع مذاکرات کےآغاز کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے اورسندھ طاس معاہدے کی بحالی کیلئے بھی فعال کردارادا کریں۔
چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے 22 اپریل 2025ء کے پہلگام حملے کے بعد کی صورتحال میں پاکستان کے مؤقف سے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا، انہوں نے پاکستان پر بھارت کی جانب سے بغیر کسی قابلِ اعتبار تحقیقات یا شواہد کے لگائے گئے بے بنیاد اور قبل از وقت الزامات کو سختی سے مسترد کیا۔
بلاول بھٹو نے زور دے کر کہا کہ بھارت کے یکطرفہ فوجی اقدامات جن میں عام شہریوں پر حملے، ہلاکتیں، شہری انفراسٹرکچر کو نقصان اور سندھ طاس معاہدے کو من مانی طور پر معطل کرنا شامل ہیں، یہ نہایت خطرناک ہیں اور پورے خطے کے استحکام کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔


