کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)اپوزیشن لیڈر کے ایم سی و نائب امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ چنیسر ٹاون کے علاقے کراچی ایڈمن سوسائٹی میں جاری غیرقانونی تعمیرات کے حوالے سے علاقے کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ایس بی سی اے اور انتظامیہ کی سرپرستی میں کراچی ایڈمن سوسائٹی کنکریٹ کا جنگل بنایاجارہا ہے،پانچ پانچ منزلہ عمارتوں کی تعمیر کر کے قانون کی خلاف ورزی کی جارہی ہے،غیر قانونی تعمیرات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے،کالادھن ہے جو کرپٹ لوگوں کے درمیان گردش کررہا ہے،پیسے یا جائیداد کا کوئی ریکارڈ نہیں،اس عمل میں انتظامیہ بھی ملوث ہے۔ مسجدوں کے چندہ بکس اور ٹرسٹ تو نظر آرہے ہیں لیکن اس کالے دھن پر کوئی فیٹیف لاگو نہیں ہوتا۔جماعت اسلامی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آواز اٹھائے گی اور عوام کے ساتھ مل کراس مافیا کا مقابلہ کرے گی۔سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور انتظامیہ اور بلڈر مافیا کی سرپرستی کررہے ہیں اور ان لوگوں کے گھروں میں جاکر نوٹس دے رہے ہیں جن لوگوں نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آواز اٹھائی ہے، ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ ہم ایس بی سی اے اور ڈپٹی کمشنر سے ڈریں گے اور نہ جھکیں گے۔انہوں نے مزیدکہاکہ غیر قانونی تعمیرات کی وجہ سے پانی، بجلی و گیس سمیت مختلف مسائل جنم لے رہے ہیں،ھر چیزکی قلت ھورھی ھے گاڑیوں کا سڑکوں پر چلنا مشکل ھوگیا ھے۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی بنانے کا کام غیر قانونی تعمیرات کو روکنا تھا لیکن یہی ادارہ بلڈر مافیا کی سرپرستی کرتا نظر آرہا ہے،وزیربلدیات نے کہا تھا کہ ڈی سی اور ٹاؤن کو اختیارات دے دیے گئے ہیں لیکن ڈپٹی کمشنر اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو بھی کچھ نظر نہیں آرہا،کھلے عام غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے، صورتحال یہ ہے کہ جن بلڈنگز کو سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ نے غیر قانونی تعمیرات قراردے کر منہدم کرنے کا کہا تھا وہ بلڈنگ اب تک موجود ہیں۔کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے بجلی اور گیس کے کنکشن دیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب علاقہ مکین غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سوشل میڈیا کے ذریعے اپنا احتجاج ریکارڈ کرواتے ہیں تو سائبر کرائم اور ایف آئی اے کی کی جانب سے علاقہ مکینوں کوآواز اٹھانے پر ایف آئی اے سے نوٹس جاری کیے جاتے ہیں اور ان کے موبائل فون ضبط کرلیے جاتے ہیں،ہم نے ایف آئی اے سائبر کرائم کو غیر قانون تعمیرات کے حوالے سے خط بھی ارسال کیا ہے۔اس موقع پر چئیرمین یوسی 3 شاہد فرمان، چئیرمین یوسی 2 عرفان اخلاص، امیر ضلع قائدین انجینئر عبدالعزیز، ناظمین علاقہ ہارون نئیر و بلال رمضان، وائس چئیرمین یوسی 1 محمد یونس، وائس چئیرمین یوسی 2 بلال باقی سمیت اہل محلہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔


