49

‏اولڈ ٹاؤن (کھارادر) کےمسائل پروزیر اعلیٰ سندھ سےسابق مشیروزیراعلیٰ سندھ عبدالرزاق اگر کی ملاقات

‏‎کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) سابق مشیر وزیر اعلیٰ سندھ، عبدالرزاق اگر نے حال ہی میں وزیر اعلیٰ سندھ، سید مراد علی شاہ سے ایک اہم ملاقات کی۔ یہ ملاقات وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں کراچی کے قدیم علاقے حلقہ 109 (کھارادر) اولڈ ٹاؤن کے سنگین شہری مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

‏‎اس موقع پر عبدالرزاق اگر نے علاقے میں جاری صفائی کی ناقص صورتحال، ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل، پانی کی قلت، نکاسی آب کے نظام کی خرابی، اور دیگر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کو عوامی شکایات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مقامی آبادی ان مسائل کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہے اور فوری اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔

‏‎وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تمام نکات کو بغور سنا اور فوری ایکشن لینے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ اولڈ ٹاؤن میں صفائی، سڑکوں کی حالت، پانی کی فراہمی اور نکاسی آب جیسے بنیادی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

‏‎عبدالرزاق اگر نے وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے مسائل کے حل کے لیے دی گئی یقین دہانی پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھارادر اور اولڈ ٹاؤن تاریخی اہمیت کے حامل علاقے ہیں، جنہیں طویل عرصے سے نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اب ان علاقوں میں حقیقی تبدیلی آئے گی۔

‏‎انہوں نے مزید کہا کہ وہ علاقے کے مسائل کو اجاگر کرتے رہیں گے اور حکومت سے مسلسل رابطے میں رہیں گے تاکہ عوامی فلاح کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔

‏‎مقامی رہائشیوں اور کاروباری برادری کی جانب سے بھی اس ملاقات کو خوش آئند قرار دیا گیا ہے۔ شہریوں کو امید ہے کہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے کیے گئے وعدے جلد عملی شکل اختیار کریں گے اور کھارادر سمیت پورے اولڈ ٹاؤن میں بہتری کا نیا دور شروع ہوگا، علاقہ مکینوں نے سابق مشیر وزیر اعلیٰ سندھ عبدالرزاق اگر کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے علاقے کے مسائل اعلیٰ سطح پر اُجاگر کیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں