یاقوت پورہ(ایچ آراین ڈبلیو)بھارت کی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں قربانی کے بکروں کیلیے چارہ لینے گئے دو بھائی ٹرین کی ٹکر سے جاں بحق ہوگئے۔ذرائع کے مطابق یاقوت پورہ اور اپوگوڑ ریلوے اسٹیشن کے درمیان ٹرین کی پٹری کے قریب دو نوجوان قربانی کے بکروں کیلیے گھاس کاٹ رہے تھے۔
26 سالہ محمد شہاب الدین اور 21 سالہ محمد فیضان الدین گھاس کی کٹائی میں مصروف تھے کہ اس دوران ٹرین گزری جس کی ٹکر سے دو موقع پر ہی چل بسے۔محمد شہاب الدین الیکٹریشن جبکہ محمد فیضان الدین ویلڈنگ کا کام کرتا تھا اور دونوں نوجوان خاندان کی کفالت کا واحد سہارا تھے۔
ریلوے پولیس نے موقع پر پہنچ کر حادثے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ قانونی طریقہ کار کے تحت لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلیے منتقل کر دیا گیا۔
حکام نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ فٹ برج یا کراسنگ استعمال کریں اور ریلوے پٹریوں کو براہ راست عبور کرنے کے خطرناک عمل سے گریز کریں۔چند روز قبل بھارتی ریاست کرناٹک میں بزرگ شہری ٹرین میں چڑھتے وقت گر گئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔وائرل ویڈیو میں بزرگ کو چلتی ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے لیکن پلک جھپکتے ہی وہ توازن کھو بیٹھے اور گر گئے۔


