54

ڈی آئی جی ٹریفک کی زیرِصدارت اہم اجلاس اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں منعقد،تمام افسران کی شرکت

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں منعقد ہوا، جس میں ٹریفک پولیس کے تمام ایس ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس اوز نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد اور ٹریفک کے مجموعی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ہدایات جاری کرنا تھا۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ وہ جاری کردہ احکامات پر مکمل اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں درج ذیل اہم اقدامات پر زور دیا گیا:

نمبر پلیٹس: تمام شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں پر صرف وہی نمبر پلیٹس استعمال کریں جو محکمہ ایکسائز کی جانب سے جاری کی گئی ہوں۔ غیر قانونی، ڈیزائن شدہ یا جعلی نمبر پلیٹس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

جن گاڑیوں کی رجسٹریشن موجودہ مالکان کے نام پر نہیں ہو گی، ان کا چالان نہیں کیا جائے گا بلکہ انہیں موقع پر ہی امپاؤنڈ کر دیا جائے گا۔ ایسی گاڑیاں رجسٹریشن کی منتقلی مکمل ہونے کے بعد ہی واپس کی جائیں گی۔

انٹر سٹی گاڑیوں پر پابندی: شہر میں انٹر سٹی گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی کی جائے گی۔

چنگچی رکشوں کے خلاف کارروائی: مین شاہراہوں پر چنگچی رکشوں کی نقل و حرکت پر پابندی کا سختی سے نفاذ کیا جائے گا، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

کیمروں کے ذریعے چالان کا آغاز: 15 جون 2025 سے کیمرہ سسٹم کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر خودکار چالان کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔

کم عمر ڈرائیورز اور غیر قانونی سی این جی سلنڈرز: کم عمر ڈرائیورز، غیر قانونی سی این جی سلنڈرز، اور غیر رجسٹرڈ رکشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی جائیں۔ ایکسیٹرا سیٹر رکشہ کے مالکان کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جائیں گے۔
۔
ڈی آئی جی ٹریفک کی ہدایت:
ڈی آئی جی ٹریفک نے تمام افسران اور جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ خود کو رول ماڈل کے طور پر پیش کریں اور ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کرتے ہوئے شہریوں کے لیے مثال بنیں۔

یہ تمام اقدامات شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور شہر میں ایک بہتر، محفوظ اور منظم ٹریفک نظام کے قیام کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں