لاہور (ایچ آراین ڈبلیو) پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025میں ضلع کونسل کو ختم کرکے ضلعی اتھارٹی بنائے جانے کی تجویز سامنے آگئی،جس کا چیئرمین متعلقہ ضلع کا ڈپٹی کمشنر ہوگا،تمام محکمہ جات کےچیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایگزیکٹو بورڈ کے سیکرٹری ہونگے اور تمام محکموں کے سربراہان ممبران ہونگے،جن میں ضلعی محکمہ صحت،محکمہ تعلیم،سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ،پاپولیشن کنٹرول،سپورٹس،ٹرانسپورٹ، سول ڈیفنس،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ،آرٹس اینڈ کلچر اور ٹورازم شامل ہیں،جن کو ڈسٹرکٹ اتھارٹی کا درجہ حاصل ہوگا،
مقامی حکومت کی اکائی یونین کونسل ہوگی،تمام ضلع کو لوکل گورنمنٹ یونٹس میں تقسیم کیا جائیگا
،یونین کونسلوں کی تعداد و تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری ہوگا،یونین کونسل کے 9 جنرل کونسلر ہونگے جبکہ ایک خاتون کونسلر،ایک اقلیتی کونسلر،ایک یوتھ کونسلر اور ایک کسان یالیبر کی مخصوص نشستیں ہونگی،چیئرمین اور وائس چیئرمین کا چناؤ ہاؤس کے منتخب ممبران کریں گے،
جس کے بعد تحصیل کونسل ہوگی،جس کا چیئرمین اور دو وائس چیئرمین ہونگے،مخصوص نشستوں کے علاوہ تمام یونین کونسلوں کے چیئرمین ممبر ہونگے،شہری علاقوں میں ٹاؤن کارپوریشن ہوگی جس کا ایک میئر اور دو ڈپٹی میئر ہونگے،مخصوص نشستوں کے علاوہ تمام یونین کونسلوں کے چیئرمین ممبر ہونگے،
ضلع مری کو چھوڑ کر تمام شہروں میں میونسپل کارپوریشن ہوگی،میونسپل کمیٹی میں چیئرمین اور وائس چیئرمین ہوگا،ممبران میں مخصوص نشستوں والے بھی شامل ہونگے


