49

18 گھنٹے کی بدترین لوڈشیڈنگ، 70 فیصد حصہ لوڈشیڈنگ فری ہونے کا دعویٰ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)18 گھنٹے تک کی بدترین لوڈشیڈنگ کے باوجود کے الیکٹرک کی ڈھٹائی برقرار۔ شہر کا 70 فیصد حصہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہونے کا دعویٰ کردیا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کے باوجود اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جہاں تکنیکی خرابی کےنام پر کئی کئی گھنٹے بجلی بند کرنا معمول بن گیا ہے جب کہ خرابی کے نام پر بجلی کی بندش کے باوجود لوڈشیڈنگ بھی معمول کے مطابق کی جارہی ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 18 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے جس میں اولڈسٹی ایریا، ماڑی پور، لائنز ایریا، سرجانی، ماڈل کالونی، ملیر، لانڈھی،کورنگی، اللہ والا ٹاؤن، ا ورنگی ٹا ؤن، نیوکراچی،نارتھ کراچی، سٹی ریلوے کالونی، جامع کلاتھ،جمشید کوارٹرز ۔جہانگیر روڈ لیاقت آباد اور دیگرعلاقوں میں بدترین لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہےکہ باقاعدگی سے بل ادا کرتےہیں لیکن اس کےباوجودگھنٹوں بجلی نہیں آتی، شدید گرمی میں خرابی کے نام پر بجلی کی بندش اور پھر لوڈشیڈنگ معمول کے مطابق ہونے سے انتہائی پریشانی کا سامنا ہے۔

شہریوں کے مطابق شدید گرمی میں ہر ہفتے مینٹیننس ورک کے نام پر 12،12 گھنٹے بجلی کی بندش بھی معمول بن گیا ہے جب کہ مینٹیننس کے باوجود معمول کی لوڈشیڈنگ بھی کی جاتی ہے جس سے شدید اذیت کا سامنا ہے۔

دوسری جانب ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہےکہ ‏جن فیڈرز پر بلوں کی مکمل ادائیگی ہے وہاں بجلی فراہم کی جاتی ہے اور شہر میں کسی کو مفت بجلی کی فراہمی ممکن نہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بجلی صارفین کا ٹیرف پورے پاکستان میں یکساں ہے، کراچی کے صارفین وہی قیمت ادا کرتے ہیں جو دیگر شہروں میں ادا کی جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں