کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے منشیات اسمگلنگ کے مقدمے میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کی جانب سے جیل میں سہولیات نہ ملنے سے متعلق درخواست جیل حکام کی وضاحت کے بعد نمٹا دی۔
سماعت کے دوران ویمن جیل سپرنٹنڈنٹ عدالت میں پیش ہوئیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ملزمہ کو جیل میں ادویات اور کپڑے کیوں فراہم نہیں کیے جا رہے۔
اس پر ویمن جیل سپرنٹنڈنٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ اپنے لیے عام کپڑے منگوا کر پہن سکتی ہے اور جیل انتظامیہ کو اس پر کوئی اعتراض نہیں۔
انہوں نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزمہ کا علاج سول اسپتال میں جاری ہے اور ڈاکٹر کی تجویز کردہ تمام ادویات باقاعدگی سے فراہم کی جا رہی ہیں۔جیل حکام کی وضاحت کے بعد عدالت نے درخواست نمٹا دی۔


