16

نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں منشیات اور گٹکا فروشی کے مبینہ دھندے پر شہریوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) ضلع سینٹرل کے علاقے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں منشیات، گٹکا، ماوا اور آئس کی مبینہ فروخت سے متعلق سنگین الزامات سامنے آئے ہیں، جن پر علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بعض افراد مبینہ طور پر علاقے میں گٹکا، ماوا اور دیگر ممنوعہ اشیا کی فروخت میں ملوث ہیں، جبکہ یہ بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بعض عناصر کو مبینہ طور پر سرپرستی حاصل ہے۔ تاہم ان الزامات کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہوئی۔

رپورٹس کے مطابق تھانہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کے ایس ایچ او زاہد لودھی جرائم پیشہ عناصر اور ڈکیتوں کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں، تاہم مقامی حلقوں کا مؤقف ہے کہ منشیات اور گٹکا فروشی کے مبینہ نیٹ ورک کے خلاف بھی مؤثر کارروائی کی ضرورت ہے۔

شہریوں اور سماجی تنظیموں نے سندھ پولیس، پاکستان رینجرز (سندھ) اور محکمہ ایکسائز سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں منشیات اور گٹکا فروشی کے مبینہ کاروبار کی شفاف تحقیقات کر کے ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ منشیات اور گٹکا جیسی ممنوعہ اشیا نوجوان نسل کی صحت اور مستقبل کے لیے سنگین خطرہ ہیں، اس لیے اس غیرقانونی کاروبار کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں