لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)کاہنہ پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے خاتون پر مبینہ تشدد کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق شوہر کی جانب سے بیوی پر سرِعام تشدد کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ایس پی ماڈل ٹاؤن کو ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔
احکامات پر عمل کرتے ہوئے کاہنہ پولیس نے فوری کارروائی کی اور ملزم کو جھیڈو گاؤں سے گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے گھریلو ناچاقی کے باعث اپنی اہلیہ کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد اور استحصال میں ملوث افراد کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔


