کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) بلدیہ گلشن غازی میں ایک شہری نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس کی وردی میں ملبوس دو موٹر سائیکل سوار اہلکار اس کے ملازم سے نئی ہونڈا 125 موٹر سائیکل لے کر چلے گئے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ موٹر سائیکل لے جانے والے اصل پولیس اہلکار تھے یا جعلساز۔
درخواست گزار وقار احمد کے مطابق واقعے کی درخواست اتحاد ٹاؤن تھانے میں جمع کرا دی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں افراد پولیس کی وردی میں تھے اور ان کے پاس اسلحہ بھی موجود تھا۔ انہوں نے ملازم سے کہا کہ مدینہ کالونی تھانے آ کر موٹر سائیکل واپس لے لینا۔
وقار احمد کے مطابق جب وہ مدینہ کالونی تھانے پہنچے تو وہاں بتایا گیا کہ ایسے کسی اہلکار کی موجودگی کا ریکارڈ نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ واقعہ اتحاد ٹاؤن تھانے کی حدود میں پیش آیا، تاہم وہاں انہیں بتایا گیا کہ ایس ایچ او کی آمد کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔
درخواست گزار نے بتایا کہ وہ گلشن غازی بلاک اے میں واٹر فلٹر پلانٹ کے مالک ہیں اور جمعرات کی دوپہر اپنے ملازم مزمل کو مدرسے سے بچوں کو لانے کے لیے نئی ہونڈا 125 موٹر سائیکل دی تھی۔ واپسی پر دکان کے قریب دو وردی پوش افراد نے موٹر سائیکل اپنے قبضے میں لے لی۔ ان کے مطابق موٹر سائیکل چلانے والے شخص نے پولیس کی کیپ پہن رکھی تھی اور چہرے پر ماسک لگا ہوا تھا۔
وقار احمد نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں، ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے اور ان کی نئی ہونڈا 125 موٹر سائیکل برآمد کر کے واپس دلائی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دونوں افراد موٹر سائیکل لے جانے کے بعد الگ الگ سمت میں جاتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔


