11

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر کی تقرریوں پر سندھ ہائیکورٹ کا حکمِ امتناع

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) سندھ ہائیکورٹ نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر (ڈرمیٹولوجی) کی تقرریوں کے معاملے پر حکمِ امتناع جاری کرتے ہوئے فریقین کو درخواست گزار کی پوزیشن کے حوالے سے موجودہ صورتحال برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

عدالت نے صوبہ سندھ، سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 اگست 2026 تک جواب طلب کر لیا ہے۔

درخواست گزار ڈاکٹر فریال نے مؤقف اختیار کیا کہ 2 جولائی 2026 کو سلیکشن بورڈ کی جانب سے کی گئی سفارشات غیر قانونی، میرٹ کے خلاف اور شفافیت سے عاری ہیں۔ درخواست میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ کامیاب قرار دیے گئے امیدواروں اور ویٹنگ لسٹ میں شامل ایک امیدوار کے پاس مطلوبہ پوسٹ لیول-III کلینیکل تجربہ موجود نہیں۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ سلیکشن بورڈ کی کارروائی کا ریکارڈ طلب کیا جائے اور سفارشات پر عملدرآمد روکا جائے۔ سندھ ہائیکورٹ نے فوری سماعت کی درخواست منظور کرتے ہوئے مزید سماعت 6 اگست 2026 تک ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں