کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)محمد یوسف کی قیادت میں نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ سیکٹر 5-G کالی مارکیٹ کی اہم سڑک کی تعمیر آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، جس کا فیصلہ اہلِ علاقہ کے دیرینہ مطالبے پر فوری طور پر کیا گیا۔
مورخہ 07 جولائی 2026 کو چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے زیرِ تعمیر سڑک کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ٹاؤن وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر، یوسی چیئرمین و وائس چیئرمین، کونسلرز، انچارج بی اینڈ آر فیصل صغیر، دیگر متعلقہ افسران اور علاقے کے معززین بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران چیئرمین محمد یوسف نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں اعلیٰ معیار، شفافیت اور پائیداری کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو دیرپا اور معیاری بلدیاتی سہولیات فراہم ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی عمل مرحلہ وار اور بلا تعطل جاری ہے اور ہر منصوبے کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ عوامی وسائل کا درست استعمال ممکن بنایا جا سکے۔
عوام سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ “ہم سیاست کو خدمت اور عبادت سمجھ کر کر رہے ہیں۔ عوام کی فلاح اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ نیو کراچی ٹاؤن کا ہر علاقہ ترقی، صفائی، بہتر سڑکوں اور بنیادی سہولیات کے حوالے سے ایک مثال بنے۔”
انہوں نے بتایا کہ سیکٹر 5-G کالی مارکیٹ کی یہ سڑک طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی، جس کے باعث شہریوں، تاجروں اور طلبہ کو روزانہ شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ اب تیزی سے جاری کام کے نتیجے میں ان شاء اللہ آج رات تک سڑک کی تعمیر مکمل کر لی جائے گی، جس سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور شہریوں کو محفوظ و آرام دہ آمدورفت کی سہولت میسر آئے گی۔
علاقہ مکینوں اور منتخب بلدیاتی نمائندوں نے ترقیاتی کاموں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نیو کراچی ٹاؤن میں اسی رفتار سے دیگر منصوبے بھی مکمل کیے جائیں گے تاکہ عوام کو مزید ریلیف مل سکے۔


