کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) رجسٹرڈ مغل ویلفیئر اتحاد پاکستان کی جانب سے جہانگیر قتل کیس پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری اور انصاف کی فراہمی کا پرزور مطالبہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں اتحاد کے ایک وفد نے کراچی میں مقتول جہانگیر کے والد الیاس مغل سے ملاقات کی، دلی تعزیت کا اظہار کیا، فاتحہ خوانی کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ وفد نے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہونے کا یقین دلایا۔
وفد کے ارکان نے حکومتِ وقت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ جہانگیر کے قاتل فرحان عرف فری کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ مقتول کے والد الیاس مغل اور اہلِ خانہ کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔
وفد میں ڈاکٹر محمد جمیل مغل (وائس چیئرمین)، شبیر مغل (مرکزی نائب صدر)، حاجی محمد حنیف مغل (چیئرمین بزرگ کمیٹی)، محمد افضل مغل (چیئرمین بزرگ کمیٹی کراچی ڈویژن)، فیض محمد مغل (انفارمیشن سیکریٹری کراچی ڈویژن)، حیدر مغل (ڈپٹی سیکریٹری کراچی ڈویژن) اور محمد اکرم مغل (صدر کراچی ڈویژن) شامل تھے۔
اس موقع پر وفد کے تمام اراکین نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ رجسٹرڈ مغل ویلفیئر اتحاد پاکستان ہر مظلوم کے ساتھ کھڑا ہے اور مقتول کے خاندان کو انصاف کی فراہمی تک اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔


