کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر فلائی اوور کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مار کر روند ڈالا، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
حادثے کے بعد جاں بحق شخص کی لاش اور زخمی کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد موقع پر موجود مشتعل افراد نے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی، جس کے باعث راشد منہاس روڈ پر شدید ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، مشتعل افراد کو منتشر کیا اور نذرِ آتش کیے گئے ٹینکر کو سڑک سے ہٹا کر ٹریفک بحال کرا دی۔
چھیپا ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے موٹر سائیکل سوار کی شناخت محمد اکرم (عمر 22 سال) جبکہ زخمی کی شناخت عبدالشکور (عمر 30 سال) کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔


