کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سابق گورنر سندھ اور نشانِ امتیاز یافتہ رہنما ڈاکٹر عشرت العباد خان نے یومِ عاشورِ محرم کے موقع پر ملک بھر میں کیے گئے بہترین سیکیورٹی انتظامات، عزاداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مجالس و جلوسوں کے پُرامن انعقاد پر قانون نافذ کرنے والے اداروں، انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیاں حق، صداقت، صبر، استقامت اور اسلام کی سربلندی کا لازوال پیغام ہیں۔ واقعۂ کربلا پوری انسانیت کے لیے ایثار، قربانی، عدل و انصاف اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا ابدی درس ہے، جو قیامت تک نسلِ انسانی کی رہنمائی کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مختلف مکاتبِ فکر کے افراد کی جانب سے مذہبی رواداری، برداشت اور بین المسالک ہم آہنگی کا مظاہرہ قومی یکجہتی کی بہترین مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی، باہمی احترام اور بھائی چارہ وقت کی اہم ضرورت ہے، اور یہی پیغام امام حسینؓ کی تعلیمات سے ملتا ہے۔
ڈاکٹر عشرت العباد خان نے میری پہچان پاکستان (MPP) کے عہدیداران، ٹاؤنز، یوسیز اور آرگنائزنگ کمیٹیوں کے اراکین کی جانب سے مجالس و جلوسوں میں نظم و ضبط، عوامی خدمت اور امن کے فروغ میں کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کے کارکنان نے قومی یکجہتی اور اخوت کے فروغ میں قابلِ تحسین خدمات انجام دیں۔
انہوں نے ایم پی پی کے مرکزی انچارج نہال احمد صدیقی، مرکزی، صوبائی، ضلعی، ٹاؤن اور یوسی سطح کے عہدیداران و کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ذمہ داری، نظم و ضبط اور حب الوطنی کے جذبے کا مثالی مظاہرہ کیا گیا۔
آخر میں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ اتحاد، رواداری اور حب الوطنی کے جذبے سے پاکستان کو مزید مضبوط اور مستحکم ریاست بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے اور وطنِ عزیز کو ہر قسم کے فتنوں اور انتشار سے محفوظ رکھے۔


