6

نیو کراچی سیکٹر 11-J میں غیر قانونی تعمیرات پر تشویش، بڑے سانحے کا خدشہ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) نیو کراچی سیکٹر 11-J میں واقع پلاٹ ST-3 پر مبینہ غیر قانونی تعمیرات کا معاملہ سنگین صورت اختیار کر گیا ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق واضح خطرات کے باوجود سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کی مسلسل خاموشی نے شہریوں میں شدید بے چینی اور خوف پیدا کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپ سے متصل کمرشل تعمیرات اور سرگرمیوں کے باعث کسی بھی وقت بڑے حادثے کا خدشہ موجود ہے، تاہم متعلقہ ادارے مؤثر کارروائی سے گریزاں نظر آتے ہیں۔ مکینوں کا الزام ہے کہ بااثر بلڈر مافیا نے مبینہ طور پر متعلقہ محکموں کو “سب اچھا ہے” کی رپورٹس دینے پر مجبور کر رکھا ہے۔

علاقہ مکینوں اور تاجر برادری نے بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ دکانوں کے آغاز پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوانین کو مذاق بنا دیا گیا ہے، جس سے انسانی جانوں کو سنگین خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔

شہریوں نے ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری ذاتی نوٹس لیں اور پلاٹ ST-3 کی تعمیرات میں ملوث کرپٹ افسران کے خلاف شفاف انکوائری کا آغاز کیا جائے۔

علاقہ مکینوں نے مزید اپیل کی ہے کہ غیر قانونی اور خطرناک تعمیرات کے ذمہ دار عناصر کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ کسی ممکنہ سانحے سے قبل صورتحال پر قابو پایا جا سکے۔ شہریوں نے وزیرِ اعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیرِ بلدیات سے بھی اس خطرناک معاملے کا نوٹس لینے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔

مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اور سخت اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بڑے حادثے کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں