6

ایف آئی اے امیگریشن کی بڑی کارروائی، آذربائیجان جانے والے دو مسافر روک لیے گئے

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے آذربائیجان جانے والے دو مسافروں کو دورانِ امیگریشن کلیئرنس مشکوک سفری معلومات اور مبینہ غیر قانونی انتظامات کی بنیاد پر روک لیا۔ مسافروں سے مزید جانچ پڑتال کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق روکے گئے مسافروں کی شناخت اظہر علی پنہور ولد غلام یاسین اور اسداللہ سکنہ دادو، سندھ کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں مسافر پاکستانی پاسپورٹس پر آذربائیجان وزٹ ویزا کے ذریعے سفر کر رہے تھے۔

دستاویزات کی جانچ اور انٹرویو کے دوران مسافر اظہر علی پنہور نے انکشاف کیا کہ اس کے والد غلام یاسین سندھ پولیس میں ملازم ہیں اور اس وقت پاسپورٹ آفس دادو میں تعینات ہیں۔ مسافر کے مطابق والد کے ذریعے اس کا رابطہ سلیم نامی شخص سے ہوا، جس نے بعد ازاں مبینہ ٹریول ایجنٹس راجہ اور سعید سے متعارف کروایا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافروں نے بتایا کہ وہ آذربائیجان میں موجود سعید نامی شخص سے بھی رابطے میں تھے، جو مبینہ طور پر وہیں مقیم ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ راجہ نامی شخص نے چار افراد کو آذربائیجان وزٹ ویزا پر بھجوانے اور ہوٹل مینجمنٹ کے شعبے میں ملازمت دلوانے کے نام پر 18 لاکھ روپے طلب کیے، جن میں سے 14 لاکھ روپے ابتدائی طور پر ادا کیے گئے۔

ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کے وقت صرف دو مسافر سفر کر رہے تھے، جبکہ دیگر دو افراد جہانگیر اور عرفان بعد میں روانہ ہونے والے تھے۔ مسافروں نے بتایا کہ رقم کی ادائیگی اظہر علی پنہور کے والد کی جانب سے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے کی گئی۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مالی معاملات، بینک ریکارڈ اور دیگر ملوث افراد کے کردار کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ معاملہ وزٹ ویزا کے ممکنہ غلط استعمال، غیر مجاز ٹریول ایجنٹس کی سہولت کاری اور بیرونِ ملک روزگار کے نام پر رقم وصول کرنے سے متعلق ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق تمام ملوث افراد کی شناخت، مالی لین دین کی تصدیق اور متعلقہ قوانین کے تحت مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں