5

رہائشی علاقے میں زیرِ تعمیر عمارت کی قانونی حیثیت پر سنگین سوالات، فوری تحقیقات کا مطالبہ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے خداداد کالونی میں پلاٹ نمبر B-177/2 پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں نے علاقہ مکینوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ مقام پر کثیر المنزلہ عمارت کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کی قانونی حیثیت، منظور شدہ نقشوں اور متعلقہ این او سی کی شفاف جانچ نہایت ضروری ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق اگر تعمیرات منظور شدہ پلان کے برخلاف یا اضافی فلورز کے ساتھ کی جا رہی ہیں تو یہ واضح طور پر شہری قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ فوری نوٹس لیتے ہوئے موقع پر معائنہ کرے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر کراچی اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) سے اپیل کی ہے کہ تعمیراتی کام کا فوری معائنہ کر کے تمام قانونی تقاضوں، منظور شدہ نقشوں اور اجازت ناموں کی مکمل جانچ کی جائے، اور اگر کسی بھی قسم کی بے ضابطگی سامنے آئے تو قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مزید برآں علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) اور اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بھی اس منصوبے کی منظوری، متعلقہ افسران کے کردار اور کسی ممکنہ بدعنوانی یا اختیارات کے ناجائز استعمال کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کریں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر کسی سرکاری افسر یا بااثر شخص کی ملی بھگت ثابت ہوتی ہے تو اس کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے تاکہ رہائشی علاقوں میں غیرقانونی تعمیرات کا سلسلہ روکا جا سکے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں