راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو)آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 25 اور 26 جون 2026 کو بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں دو کامیاب انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کیے، جن کے دوران مجموعی طور پر 8 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق 25 جون کو ضلع خاران میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، جہاں کامیاب آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
اسی طرح 26 جون کو ضلع مستونگ میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں خودکش حملہ آور کی موجودگی کی اطلاع تھی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک خودکش بمبار سمیت 5 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ بم (IEDs) اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔ ترجمان نے بتایا کہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کو گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔
ترجمان آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ویژن “عزمِ استحکام” اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔


