5

جامعہ کراچی بزنس اسکول کے مستحق طلبہ میں اسکالرشپ چیکس کی تقسیم

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) جامعہ کراچی بزنس اسکول (KUBS) کے 10 مستحق اور میرٹ پر منتخب طلبہ میں 12 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے اسکالرشپ چیکس تقسیم کیے گئے۔

یہ تقریب جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیر صدارت وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں منعقد ہوئی، جہاں طلبہ میں مالی معاونت کے چیکس تقسیم کیے گئے۔

اسکالرشپ کی یہ رقم جامعہ کراچی المنائی ہیوسٹن ایسوسی ایشن (UKAHA)، ٹیکساس، امریکہ کی جانب سے فراہم کی گئی ہے۔ تنظیم کے نمائندے فیروز اقبال نے بتایا کہ یہ اقدام پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ان کے مسلسل عزم کا حصہ ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یو کے اے ایچ اے کے صدر محمد اعظم اختر نے اعلان کیا ہے کہ 10 منتخب طلبہ کی بی بی اے تعلیم کے دوران چھ سمسٹرز تک ٹیوشن فیس کی ادائیگی کے لیے ایک کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے تاکہ ان کی تعلیمی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں۔

جامعہ کراچی کے اسٹوڈنٹس فنانشل ایڈ آفس کی انچارج پروفیسر ڈاکٹر ذی اسماء حنیف نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت اسکالرشپ کی دوسری قسط کے طور پر 12 لاکھ روپے کی رقم تقسیم کی گئی ہے۔

وائس چانسلر نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ جامعہ کراچی اپنے سابق طلبہ کی اس تعلیمی معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، اور یہ اقدامات طلبہ کے لیے حوصلہ افزا اور مثبت نتائج کے حامل ہوں گے۔تقریب میں اساتذہ اور دیگر متعلقہ شخصیات بھی موجود تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں