5

نیو کراچی ٹاؤن میں محرم الحرام کے جلوسوں کے راستوں اور امام بارگاہوں کے اطراف ترقیاتی کام مکمل

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)نیو کراچی ٹاؤن میں محرم الحرام کے دوران عزادارانِ امام حسینؑ کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور جلوسوں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روایتی راستوں پر تعمیر و مرمت، سڑکوں کی بحالی اور گڑھوں کو بھرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین محمد یوسف نے نیو کراچی ٹاؤن مختلف علاقوں کا دورہ کرکے ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا اورمتعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام کام جلوسوں کی آمد سے قبل ہر صورت مکمل کر لئے جائیں۔اس موقع پر انکے ہمراہ مونسپل کمشنرنیوکراچی ٹاون عبدالجبارمہر،مختلف یونین کونسل کےچیئرمینز،وائس چیئرمینز،وارڈ کونسلر و یوسی ذمہ داران ،XEN محکمہ بی اینڈ آر جہانزیب خان، انچارج بی اینڈ آر فیصل صغیر، انجینئر ساجد صدیقی،انجینئر صفدر حسین و دیگر متعلقہ ٹاؤن افسران بھی موجود تھے۔ چیئر مین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے سڑکوں، گلیوں اور جلوس کے راستوں پر جاری کاموں کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران و عملے کو ہدایت کی کہ مذہبی ایام میں عزاداران حسین ؑکو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ محرم الحرام کے مقدس اور با برکت مہینے میں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور جلوسوں کے راستوں کی بحالی ٹاؤن انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ امام حسینؑ کی عظیم قربانی پوری انسانیت کے لیے حق، انصاف، صبر اور استقامت کا درس ہے۔ محرم الحرام کے دوران عزاداران حسین کی خدمت ہمارے لیے اعزاز کی حیثیت رکھتی ہے اور نیو کراچی ٹاؤن اس حوالے سے اپنی تمام تر ذمہ داریاں پوری کررہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے پُر امن انعقاد کے لیے تمام ممکنہ انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ چیئرمین محمد یوسف کا کہنا تھا کہ بلدیاتی اداروں کی ذمہ داری صرف ترقیاتی کاموں تک محدود نہیں بلکہ عوام کے مذہبی جذبات اور عقائد کے احترام کو یقینی بنانا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ ہم تمام مکاتبِ فکر کے ساتھ مل کر بھائی چارے، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ محرم الحرام کے دوران عزادارانِ حسینؑ کی خدمت کے لیے ہمہ وقت میدان میں موجود رہے گی اور تمام جلوس کے راستوں کو بروقت مکمل کرکے محفوظ اور قابلِ استعمال بنایا جائے گا۔دورے کے موقع پر متعلقہ افسران نے چیئرمین کو جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت سے آگاہ کیا جبکہ انہوں نے کام کے معیار اور بروقت تکمیل پر خصوصی زور دیا۔ عوامی حلقوں نے محرم الحرام سے قبل جلوس کے راستوں کی مرمت اور ضروری سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں