کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان تحریک انصاف انصاف لائرز ونگ کراچی ڈویژن کے سینئر رہنما ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان نے سندھ اسمبلی میں جاری بجٹ اجلاس پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم عوامی مسائل کے حل کے بجائے ایک دوسرے کے خلاف نورا کشتی میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں مہنگائی، تعلیم، صحت، صاف پانی اور شہری سہولیات جیسے اہم عوامی مسائل پر سنجیدہ بحث کے بجائے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی جا رہی ہے۔
ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان کے مطابق کراچی، جو صوبے کا معاشی مرکز ہے اور تقریباً 90 فیصد ریونیو فراہم کرتا ہے، اسے ترقیاتی بجٹ میں مناسب حصہ نہیں دیا جا رہا، جو شہر کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ اور نکاسی آب جیسے مسائل حل طلب ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو اس کی آبادی اور ریونیو کے تناسب سے ترقیاتی فنڈز فراہم کیے جائیں تاکہ شہر کے دیرینہ مسائل حل ہو سکیں۔
ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے عوام کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے حصول کی جدوجہد جاری رکھے گی۔


