12

جامعہ کراچی،یوتھ ڈویلپمنٹ سوسائٹی کے درمیان اسپورٹس و تعلیمی تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جامعہ کراچی اور یوتھ ڈویلپمنٹ، ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس سوسائٹی کے درمیان کھیلوں سے متعلق تعلیم، عملی تربیت اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔

یہ تقریب منگل کے روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور یوتھ ڈویلپمنٹ، ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس سوسائٹی کے نائب صدر محمد حنیف ملک نے معاہدے پر دستخط کیے۔

معاہدے کے تحت طلبہ کو اسپورٹس مینجمنٹ، قائدانہ تربیت، عملی تجربات اور پیشہ ورانہ ترقی کے مختلف مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ کرکٹ کوچنگ، فٹنس سیشنز، ورکشاپس، سیمینارز اور انٹرن شپ پروگرامز بھی شامل ہوں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوتھ ڈویلپمنٹ سوسائٹی کے نائب صدر محمد حنیف ملک نے کہا کہ ملک میں اسپورٹس مینجمنٹ کے شعبے میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی کمی ہے، اور یہ اشتراک اس خلا کو پر کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

اس موقع پر معروف کرکٹر اور ایگزیکٹو ممبر رومان رئیس نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بہتر تربیت اور مؤثر رہنمائی کے ذریعے نکھارا جا سکتا ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ کھیل اب محض تفریح نہیں بلکہ ایک مکمل صنعت بن چکے ہیں، جس کے لیے ماہر اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے۔

تقریب میں مختلف اساتذہ، ڈینز اور انتظامی افسران نے بھی شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں