19

باسکٹ بال کوچنگ کیمپ کا دورہ، قمر احمد کیلئے دعائے مغفرت اور بے نظیر بھٹو کے یومِ ولادت منانے کا اعلان

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) ایڈیشنل کمشنر کراچی ڈاکٹر عاطف جالب نے کراچی یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر کاشف ریاض کے ہمراہ کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور سندھ باسکٹ بال ایسوسی ایشن کی سرپرستی میں منعقدہ 20ویں سمر گرلز اینڈ بوائز باسکٹ بال کوچنگ کیمپ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر اسپورٹس غلام محمد خان، ایس بی بی اے کے سیکریٹری عامر شریف، کیمپ کمانڈنٹ حاجی محمد اشرف یحییٰ سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

کیمپ میں 8 سے 21 سال تک کے 48 گرلز اور 50 بوائز کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، جبکہ کیمپ کا اختتام 27 جولائی کو ہوگا۔ بعد ازاں 29 سے 31 جولائی تک منتخب کھلاڑیوں کی ٹیموں کے درمیان تین روزہ ٹورنامنٹ بھی کھیلا جائے گا۔ کیمپ میں تمام کھلاڑیوں سے کوئی فیس وصول نہیں کی جا رہی۔

کیمپ پیر سے جمعہ رات 8 سے 11 بجے تک منعقد ہوتا ہے، تاہم عاشورہ محرم کے دوران اس میں وقفہ رکھا گیا ہے۔

اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کراچی ڈاکٹر عاطف جالب نے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑی نظم و ضبط کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کو نکھار رہے ہیں، اور امید ہے کہ ماضی کی طرح کراچی سے مزید باصلاحیت کھلاڑی ملک کا نام روشن کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کھیل کے ساتھ تعلیم پر بھی بھرپور توجہ دی جائے اور والدین و بزرگوں کی تعلیمات پر عمل کیا جائے۔

قبل ازیں ڈائریکٹر اسپورٹس غلام محمد خان نے مرحوم صحافی قمر احمد کے لیے دعائے مغفرت کرائی اور 29 جون کو سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے یومِ ولادت کو عقیدت و احترام سے منانے کا اعلان کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں