کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)لیاری میں محرم الحرام کے ایام کے دوران آبی قلت نے سنگین صورت اختیار کر لی ہے، جس کے باعث شہری شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں۔
مختلف محلوں میں کئی روز سے پانی کی ترسیل یا تو مکمل طور پر معطل ہے یا انتہائی کم مقدار میں فراہم کی جا رہی ہے، جس سے روزمرہ معمولات شدید متاثر ہو گئے ہیں۔ شہریوں کے مطابق وضو، طہارت، گھریلو ضروریات اور مجالسِ عزاء کے انتظامات بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ محرم جیسے مقدس ایام میں بنیادی سہولتِ آب کی عدم دستیابی انتظامی غفلت کا نتیجہ ہے۔ شہریوں کو مجبوری کے تحت مہنگے داموں پانی خریدنا پڑ رہا ہے، جبکہ کم آمدنی والے طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
علاقہ مکینوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ لیاری میں آبی فراہمی فوری طور پر بحال کی جائے تاکہ عوام کو مزید پریشانی سے نجات مل سکے۔


